ایبٹ آباد،این سی سی آئی اے نے زبردستی شادی اور ڈیجیٹل بلیک میلنگ کے ملزم شان علی کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا،مقدمہ درج

بدھ 9 جولائی 2025 11:23

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)ایبٹ آباد نے زبردستی شادی اور ڈیجیٹل بلیک میلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم شان علی نے ایک خاتون کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز جو اس نے بغیر اجازت حاصل کی تھیں، کے ذریعے اسے بلیک میل اور مجبور کرنے کی کوشش کی۔

اس نے واٹس ایپ اور فیس بک پر اس حساس مواد کو خاتون کے رشتہ داروں کے ساتھ شیئر کیا تاکہ اسے بدنام اور ہراساں کر سکے۔

(جاری ہے)

ملزم نے متاثرہ خاتون کو دھمکی دی کہ اگر اس نے مجھ سے شادی نہ کی تو وہ یہ مواد اس کے والد اور میڈیا تک پہنچا دے گا۔ این سی سی آئی اے ایبٹ آباد نے شکایت کنندہ اور اس کے دو کم عمر بچوں کو ایک گاڑی سے بازیاب کروایا جو زبردستی نکاح کےلئے جا رہی تھی، ملزم شان علی اور اس کے ساتھی ارشد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے موبائل فون سے حساس مواد برآمد ہوا اور اس نے بلیک میلنگ اور دبائو ڈالنے کا اعتراف کیا۔ ملزمان کے خلاف پی ای سی اے 2016 کی دفعات 20، 21 اور 24 سمیت پاکستان پینل کوڈ کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ۔