آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، ویان مولڈر نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا

انگلینڈ کے ہیری بروک ٹیسٹ رینکنگ میں جو روٹ کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پوزیشن پر آگئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جولائی 2025 14:27

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، ویان مولڈر نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جولائی 2025ء ) جنوبی افریقہ کے اسٹینڈ ان کپتان ویان مولڈر نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 367* کی ریکارڈ ساز اننگز کے بعد تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی ہے۔
شاندار اننگز نے انہیں 669 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑنے میں مدد دی، وہ اب 651 پوائنٹس کے ساتھ 23 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

پاکستانی بلے بازوں میں ٹیسٹ نائب کپتان سعود شکیل دو درجے تنزلی کے ساتھ 13ویں نمبر پر آ گئے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی 671 پوائنٹس کے ساتھ 21ویں نمبر پر آ گئے۔
ٹی ٹونٹی کپتان سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 34 ویں اور ٹیسٹ کپتان شان مسعود چار درجے تنزلی کے ساتھ 48 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق 52 ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ کامران غلام 76 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔

دریں اثناء صائم ایوب ایک مقام کھسک کر 84 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹ میں انگلینڈ کے ہیری بروک کے ساتھ ٹاپ پر ایک تبدیلی بھی نمایاں ہے جس نے جو روٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز کی پوزیشن اپنے نام کرلی ہے، روٹ اب دوسرے نمبر پر ہیں۔
نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن بدستور تیسرے نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں پاکستانی اسپنر ساجد خان اور تیز گیند باز شاہین آفریدی ایک ایک درجہ ترقی کر کے بالترتیب 19ویں اور 20ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ نعمان علی نے 806 پوائنٹس کے ساتھ اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی۔
دیگر پاکستانی باؤلرز میں محمد عباس ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 27 ویں، نسیم شاہ 35 ویں اور ابرار احمد دو درجے تنزلی کے ساتھ 50 ویں نمبر پر ہیں۔
خرم شہزاد دو درجے گر کر 64 ویں، عامر جمال 71 ویں، میر حمزہ 93 ویں اور زاہد محمود 97 ویں نمبر پر ہیں۔
ہندوستانی تیز گیند باز جسپریت بمراہ بدستور نمبر ایک ٹیسٹ بولر کے طور پر غلبہ برقرار رکھے ہوئے ہیں جس کے بعد جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے اور آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر ہیں۔