ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے سگی بیٹی کی جان لے لی

یہ واقعہ راولپنڈی کے تھانہ روات کےعلاقے ڈھوک چوہدریاں تخت پڑی میں پیش آیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 جولائی 2025 14:31

ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے سگی بیٹی کی جان لے لی
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں باپ نے مبینہ طور ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے کی معمولی سی بات پر اپنی سگی بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ روات کےعلاقے ڈھوک چوہدریاں تخت پڑی میں پیش آیا جہاں ملزم کی جانب سے اپنی بیٹی مہک شہزادی سے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن بیٹی کے انکار پر باپ طیش میں آگیا اور اس نے اپنی بیٹی کو گولی مار کر قتل کردیا، واقعے کا مقدمہ ہیڈ کانسٹیبل شہباز انجم کیانی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ اہلخانہ نے پہلے اس واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی تاہم جب پولیس نے تحقیقات کیں تو واقعہ قتل کا نکلا اور پتا چلا کہ لڑکی کو والد نے فائرنگ کرکے قتل کیا، ملزم بیٹی پر فائرنگ کرکے اسے قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، پولیس کی جانب سے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی اور بعدازاں ایس ایچ او روات انسپکٹر زاہد ظہور کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ملزم کو گرفتار کرلیا جب کہ لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے بھی شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور واقعہ کی ہر اینگل سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹک ٹاکر بہن بھائی نے تاجر کے گھر 13 کروڑ روپے ڈکیتی کی واردات کر ڈالی، شہر قائد کےعلاقے پی ای سی ایچ ایس میں تاجر کے گھر 13 کروڑکی ڈکیتی کے ملزمان بہن بھائی ٹک ٹاکر نکلے، اس ڈکیتی کے بعد 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں یُسریٰ، نمرہ، شہریار اور شہروز شامل ہیں، جن سے واردات سے متعلق تفتیش جاری ہے، ملزمان نے ایف آئی اے کی جعلی وردی استعمال کرتے ہوئے تاجر کے گھر سے 13 کروڑ روپے لوٹے، ڈکیتی کے بعد ملزمان تاجر کے گھر سے نقد رقم، قیمتی گھڑیاں، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان بھی لوٹ کر فرار ہوئے، گرفتار ملزمہ یسریٰ ماڈلنگ اور ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہے جب کہ اس کی بھارتی اور پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ویڈیوز بھی سامنے آئیں۔