بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ، وکلا و رشتہ دار الگ الگ ملاقاتیں کرتے ہیں ، پھر شکوہ کرتے ہیں کہ اجازت نہیں، وزیراطلاعات پنجاب

بدھ 9 جولائی 2025 17:06

بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ، وکلا و رشتہ دار الگ الگ ملاقاتیں کرتے ہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ، وکلا اور بشری بی بی کے رشتہ دار الگ الگ ملاقاتیں کرتے ہیں اور پھر شکوہ کرتے ہیں کہ ملاقات کی اجازت نہیں، کیا وہ چاہتے ہیں کہ جیل میں کسی جلسے کا انعقاد کر دیں تاکہ بانی پی ٹی آئی قیدیوں سے خطاب فرما سکیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے حالیہ بیان پر ردعمل میں عظمی بخاری نے سوال کیا کہ علیمہ بتائیں، کیا ہم جیل میں جلسے کا انتظام کر کے قیدیوں کو بطور شرکا بٹھا دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں قانون سب کے لئے برابر ہے اور اس کی ایک بڑی مثال حالیہ دنوں دیکھنے میں آئی، جب لاہور ٹریفک پولیس نے وزیراعلی پنجاب کے صاحبزادے کا ٹریفک چالان کر کے قانون کی حکمرانی کو عملی طور پر ثابت کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے ماضی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب ایک سابق خاتون اول کے بیٹے کا چالان کرنے پر پاکپتن کے وارڈن سے لے کر ڈی پی او تک کو تبدیل کر دیا گیا تھا۔ آج پنجاب میں صورتحال یکسر مختلف ہے، یہاں قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہے اور ''بااثر'' کا دور ختم ہو چکا ہے۔عظمی بخاری نے واضح کیا کہ حکومت قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی-