پاکستان پوسٹ نے 86 جی پی اوز ڈیجیٹل اور کمپیوٹرائزڈ کر دئیے ہیں، فیصل جہانگیر

بدھ 9 جولائی 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) کوئٹہ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران سے مینجر مارکیٹنگ پاکستان پوسٹ فیصل جہانگیر نے ملاقات کی۔ان کو پاکستان پوسٹ کی مختلف سروسز کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں 86 جی پی اوز ڈیجیٹل اور کمپیوٹرائزڈ کر دئیے گئے ہیں صارفین اپنے گھر میں بیٹھے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ذریعے بھیجے گئے خطوط کی جگہ کا تعین کر سکیں گے کہ ان کا خط ابھی کہاں پہنچا ہے۔

فیصل جہانگیر نے کہا کہ دور جدید کے حوالے سے پاکستان پوسٹ کی سروسز کو بھی تیز کر دیا گیا ہے ارجنٹ میل سروس کے ذریعے بھیجا گیا خط جہاز کے ذریعے جاتا ہے تاکہ کم وقت میں خط وصول کرنے والوں کو مل جائے۔ صارفین کو ان کی دہلیز پر سروسز مہیا کر رہے ہیں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں پوسٹ آفس کھولے ہوئے ہیں اکثر پوسٹ آفس میں یوٹیلٹی بل وصول کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سول سیکرٹریٹ میں بھی پوسٹ آفس موجود ہیں۔ اس سہولت کی وجہ سے سیکرٹریٹ کے ملازمین کو دفتر سے باہر نہیں جانا پڑتا اور ان کے تمام خطوط اور یوٹیلٹی بل وغیرہ سیکرٹریٹ کے پوسٹ افس میں جمع ہو جاتے ہیں کاروباری حضرات کی سہولت کے لیے پاکستان پوسٹ میں کیش آن ڈلیوری اور وی پی پارسل کی سہولت موجود ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران نے پاکستان پوسٹ کی سروسز کو سراہا انہوں نے کہا پاکستان پوسٹ ہمارا قومی ادارہ ہے تمام سرکاری اداروں کو پاکستان پوسٹ کی سروسز سے مستفید ہونا چاہیے۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان محمد نور کھیتران اور فیصل جہانگیرنے پاکستان پوسٹ اور محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان کے مابین ڈاک بھجوانے کے معاہدہ پر دستخط بھی کیے۔