نو مئی ،اعجاز چوہدری ،دیگر ملزمان کی چار مقدمات میں درخواست ضمانت پر 14جولائی کو رپورٹ طلب

جمعرات 10 جولائی 2025 16:36

نو مئی ،اعجاز چوہدری ،دیگر ملزمان کی چار مقدمات میں درخواست ضمانت پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری اور دیگر ملزمان کی نو مئی کے 4مقدمات میں درخواست ضمانت پر 14 جولائی کو رپورٹ طلب کرلی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ڈی ایس پی آصف جاوید مقدماث کی تفتیشی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے درخواست ضمانتوں کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنمائوں کی ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں اعجاز چوہدری سمیت دیگر شریک تھے ،میٹنگ میں حساس مقامات پر حملہ کی منصوبہ بندی کی گئی ۔جسٹس اسجد جاوید گھرال نے پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بتائیں اس میٹنگ میں شریک کتنے ملزمان اس وقت گرفتار ہیں ، سرکاری وکیل نے جواب دیا کئی ملزمان گرفتار اور کئی مفرور ہیں، شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ،سرفراز عمر چیمہ، میاں محمود الرشید سمیت دیگر گرفتار ہیں جبکہ حماد اظہر سمیت کئی ملزمان مفرور اور اشتہاری ہیں ۔

(جاری ہے)

جسٹس اسجد جاوید گھرال نے استفسار کیا کہ کیا کسی شریک ملزم کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور ہوئی ہے ۔سرکاری وکیل نے جواب دیا جی کسی ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور نہیں ہوئی ۔اعجاز چوہدری کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے بتایا کہ کئی ملزمان کی ٹرائل کورٹ سے بعد از گرفتاری درخواست ضمانتیں ہوئی چکی ہیں ۔جسٹس سید شہباز علی رضوی نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدمے میں کتنے شریک ملزمان کی ضمانتیں ہوئی ہیں ، کتنوں کی خارج ہوچکی ہیں ،آئندہ سماعت پر شریک ملزمان کی ضمانتوں سکی تفصیل سے متعلق تفصیلات بتائی جائیں ۔

دو رکنی بنچ نے کیس کی مزید سماعت 14جولائی تک ملتوی کردی ۔اعجاز چوہدری نے انسداد دہشتگردی عدالت سے ضمانتیں خارج ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔