ماڈل حمیرااصغر کی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت، پولیس نے اداکارہ کے زیر استعمال 3 موبائل فون اور لیپ ٹاپ تحویل میں لے لیا

اداکارہ کے زیر استعمال ڈیجیٹل آلات بندحالت میں ملے تھے، پولیس نے آئی پیڈ کے ڈیٹا پر تفتیش شروع کردی، مردہ حالت میں پائی گئی حمیرا اصغر کے فلیٹ سے کسی طرح کی کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 10 جولائی 2025 16:25

ماڈل حمیرااصغر کی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت، پولیس ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی 2025)کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ماڈل حمیرااصغر کی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے اداکارہ کے زیر استعمال 3 موبائل فون اور ایک لیپ ٹاپ تحویل میں لے لیا، پولیس نے آئی پیڈ کے ڈیٹا پر تفتیش شروع کردی، پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغرکے زیر استعمال ڈیجیٹل آلات بند حالت میں ملے تھے، موبائل فون ڈیٹا میں بھی آخری فون کال 2024 کو ہوئی تھی ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ سے کسی طرح کی کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔ تشدد اور ممکنہ قتل کے شواہد بھی نہیں ملے جب کہ اداکارہ کے زیر استعمال رہنے والے موبائل کی سم بھی اکتوبر سے بند تھی۔ ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق اکتوبر میں ہی اداکارہ کے بجلی اور گیس کا استعمال بھی بند ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی لاش دوسرے کمرے سے ملی جب کہ ان کا موبائل دوسرے کمرے میں موجود تھا۔

جائے وقوع سے تشدد کے شواہد نہیں ملے کسی طرح کی کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔حکام کے مطابق گھر میں موجود پیکٹڈ دودھ، ڈبل روٹی کئی ماہ پرانی ملی ہے، میڈیکل ایکسپرٹ نے گزشتہ روز متاثرہ فلیٹ کا دورہ کر کے شواہد جمع کئے تھے۔ اداکارہ کے گھر سے ملنے والی کھانے پینے کی تمام اشیا کے استعمال کی تاریخ بھی اکتوبر 2024 میں ختم ہوچکی تھی جب کہ انہوں نے مذکورہ مہینے کے بعد کسی سے فون پر رابطہ نہیں کیا تھا۔

گذشتہ روز میت لینے کیلئے حمیرا کے بہنوئی نے گزری پولیس سے رابطہ کیا تھا جس پر پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ لاش صرف خونی رشتے کو ہی دی جائے گی۔اس سے قبل پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اداکارہ کی لاش چھ ماہ پرانی ہے۔ گھٹنوں کے جوڑ تک گلنا شروع ہوگئے تھے، فرج میں رکھے کھانے اکتوبر2024 میں ایکسپائر ہوگئے تھے۔اداکاہ ماڈل کی لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے۔ فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔ایس ایس پی نے یہ بھی بتایا تھا کہ اداکارہ جس عمارت میں رہائش پذیر تھیں وہاں ہر منزل میں دو فلیٹس تھے، اداکارہ کے سامنے رہنے والے فلیٹ کے افراد بھی ستمبر 2024 کے بعد گاؤں چلے گئے تھے، وہ فروری 2025 میں واپس آئے تو اداکارہ کے فلیٹ کو بند دیکھاتھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ ماڈل حمیرااصغر کے اسٹائلسٹ دانش مقصودنے دعویٰ کیا تھا کہ 2024 میں ہونیوالے فوٹو شوٹ کے بعد حمیرا اصغر اچانک غائب ہو گئیں تھی۔اداکارہ 9 ماہ سے لاپتہ تھیں۔جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹائلسٹ دانش مقصود نے حمیرا اصغر کے حوالے سے پریشان کن تفصیلات سے پردہ اٹھا یاتھا۔

اداکارہ حمیرا اصغر علی کے ساتھ آخری فوٹو شوٹ کیلئے کام کرنے والے اسٹائلسٹ نے اداکارہ سے ہونے والی اپنی آخری بات چیت کے بارے میں بتاتے ہوئے دانش مقصود نے انکشاف کیا تھاکہ انہوں نے حمیرا اصغر کے ساتھ 2 مرتبہ مختلف فوٹو شوٹس پر کام کیا تھا۔ پہلا 2023 میں اور دوسرا اکتوبر 2024 میں لیکن 2024 میں ہونے والے فوٹو شوٹ کے بعد اداکارہ اچانک غائب ہو گئیں تھی۔انہوں نے بتایا کہ میں نے 20 اکتوبر کو پیغام بھیجا تھا جو انہوں نے نہیں پڑھا۔ ان کا واٹس ایپ انہیں آخری بار 7 اکتوبر کو آن لائن شو کر رہا تھا۔