جامعہ کراچی ڈی این اے لیب میں جج و دیگر افسران کے لیے تربیتی سیشن

سندھ جوڈیشل اکیڈمی کی ہدایت پر تربیتی سیشن ہوا،آئی سی سی بی ایس میں پروفیسر رضا شاہ کا خطاب

جمعرات 10 جولائی 2025 17:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی میں قائم پاکستان کی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل)نے گزشتہ روز ججز اوردیگر افسران کے لیے ایک روزہ تربیتی دورے کا اہتمام کیا۔ یہ دورہ سندھ جوڈیشل اکیڈمی کی جانب سے وضع شدہ ایک ہفتے پر مشتمل تربیتی پروگرام کے تحت منعقد ہوا۔

سندھ بھر سی50ججز، پراسیکیوٹرز، میڈیکو لیگل افسران اور تفتیش کاروں نے اس تربیتی دورے میں شرکت کی، جس کا مقصد شرکا کو فرانزک سائنس کی جدید طریقہ کار اور ان کے فوجداری تحقیقات میں اہم کردار سے متعلق براہِ راست آگاہی فراہم کرنا تھا۔آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے آن لائن افتتاحی خطاب میں شرکا کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں پیچیدہ جرائم میں اضافے کے باعث جسمانی شواہد کے تجزیے کے لیے سائنسی طریقوں کی مانگ بڑھ گئی ہے جس کے پیشِ نظر فرانزک سائنس کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اسی ضرورت کے مدِ نظر شعبہء صحت حکومتِ سندھ کے مالی تعاون سے ایس ایف ڈی ایل کو آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں قائم کیا گیا۔ انھوں نے کہا اکتوبر2019سے فعال اس لیبارٹری نے نہ صرف جدید فرانزک خدمات انجام دی ہیں بلکہ تفتیشی افسران اور میڈیکو لیگل ماہرین کو شواہد کے درست حصول اور سنبھالنے کی تربیت بھی دی ہے۔ پروفیسر رضا شاہ نے کہا کہ اپنے قیام سے اب تک یہ لیبارٹری کئی بڑے سانحات اور ہائی پروفائل مجرمانہ مقدمات کے حل میں کلیدی کردار ادا کر چکی ہے، ایس ایف ڈی ایل نے اب تک8,970سے زائد کیسز میں اعلی معیار کی فرانزک رپورٹس فراہم کی ہیں جبکہ اس لیبارٹری کے قیام کے بعد ڈی این اے سے متعلق مقدمات میں سزا کی شرح4فیصد سے بڑھ کر15فیصد ہو گئی ہے۔

انھوں نے آئی سی سی بی ایس کو ترقی پذیر دنیا میں علم کا مینار قرار دیا اور کہا کہ یہ ادارہ عالمی سطح پر ایک ممتاز تحقیقی مرکز کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایس ایف ڈی ایل کے انچارج اور پروجیکٹ ڈائریکٹرڈاکٹر اشتیاق احمد خان کہا کہ ایس ایف ڈی ایل پاکستان کی واحد فرانزک لیبارٹری ہے جسے آئی ایس او کی17025کی بین الاقوامی منظوری حاصل ہے جس کی بدولت اس کی رپورٹس عالمی سطح پر قابلِ قبول ہیں، اس لیب نے فرانزک سائنس کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے لیے ایک نمایاں مرکز کی حیثیت حاصل کر لی ہے جو باقاعدگی سے ججز، تفتیشی افسران، میڈیکو لیگل ماہرین، پراسیکیوٹرز اور کرائم سین انویسٹی گیٹرز کو تربیت فراہم کرتی ہے۔

تربیتی سیشن کے دوران شرکا نے ایس ایف ڈی ایل کا دورہ بھی کیا۔ ججز اور عدالتی افسران نے لیبارٹری کے کام کا مشاہدہ کیا اور اس کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے لیب کے جدید آلات اور تکنیکی صلاحیت کی تعریف کی۔ مزید برآں، ڈاکٹر اشتیاق احمد خان اور دیگر ماہرین کی جانب سے ایک تکنیکی سیشن اور سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس میں ججز اور دیگر افسران نے اہم اور تعمیری سوالات اٹھائے۔ تقریب کا اختتام شرکا میں اسناد کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔