صدر پیوٹن نے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف کو برطرف کر دیا

جمعرات 10 جولائی 2025 20:46

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک اہم حکومتی تبدیلی کے تحت نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق، بوگدانوف کو مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے صدر کے خصوصی مندوب کے منصب سے بھی سبکدوش کر دیا گیا ہے۔بوگدانوف، جو کہ 73 سال کے ہیں، نے 2011 سے وزارت خارجہ میں نائب سربراہ کی حیثیت سے اور 2014 سے صدر کے خصوصی مندوب کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔

(جاری ہے)

ان کا کام خاص طور پر شام، لیبیا اور او آئی سی سے متعلق روس کی خارجہ پالیسی میں کلیدی تھا۔اگرچہ روسی حکومت نے بوگدانوف کی برطرفی کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی تاہم یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پیوٹن کابینہ میں دیگر اہم تبدیلیاں بھی کر رہے ہیں۔ چند دن قبل ہی روسی وزیرِ ٹرانسپورٹ رومن اسٹارووائٹ کو برطرف کیا گیا تھا، جن کی لاش ان کی گاڑی سے ملی تھی اور جسم پر گولی کا زخم تھا۔ روسی تحقیقاتی اداروں نے اسے ممکنہ خودکشی قرار دیا ہے، جس سے مزید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔