پولیس مقابلے میں دو خطرناک ڈاکو ہلاک، دو فرار

جمعرات 10 جولائی 2025 21:35

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) تھانہ صدر کی حدود قلعہ جوند سنگھ کے نزدیک پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت اجمل عرف لارا اور شاہد کے ناموں سے ہوئی ہے، جو قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی جیسے 30 سے زائد سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

ہلاک ڈاکو بین الاضلاعی گروہ کے رکن تھے اور قصور، لاہور، ساہیوال و اوکاڑہ کے مختلف تھانوں میں ریکارڈ یافتہ تھے۔ پولیس کے مطابق چار مسلح ڈاکو دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر شہری سے اسلحے کے زور پر نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او انسپکٹر غازی اختر خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہو گئے۔ ان کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔