Live Updates

لاہور میں ریکارڈ بارش کے باوجود نکاسی آب کا عمل تیز، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا متحرک

جمعرات 10 جولائی 2025 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر لاہور میں حالیہ ریکارڈ بارش کے بعد واسا کی ٹیمیں شہر بھر میں نکاسی آب کے لیے مسلسل متحرک ہیں۔ شہر کے متعدد نشیبی اور حساس مقامات پر پانی کی نکاسی مکمل کر لی گئی ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ تفصیلات کے مطابق دھرم پورہ، فیروز پور روڈ، مغل پورہ بیجنگ انڈرپاس، شادمان انڈرپاس، ماڈل ٹاؤن، ایف سی کالج اور ظہور الٰہی روڈ انڈر پاس سمیت دیگر علاقوں سے بارش کے پانی کا اخراج مکمل کر لیا گیا۔

گرجا چوک اور شالامار لنک روڈ کی سڑکوں سے بھی پانی کی نکاسی مکمل کر کے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ واسا اہلکاروں نے نکاسی آب کے عمل کے دوران کئی گھنٹوں تک کھڑے ہو کر کام کیا، برساتی نالوں میں رکاوٹیں دور کی گئیں اور صفائی کا عمل تیزی سے جاری رکھا گیا۔

(جاری ہے)

ریکارڈ بارش کے اس اسپیل میں شہر میں اوسطاً 136 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم نشتر ٹاؤن، مغل پورہ، اقبال ٹاؤن اور سمن آباد جیسے علاقوں میں شدید بارش کی؂ باوجود نکاسی آب کا عمل موثر انداز میں جاری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واسا اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موسلادھار بارش میں گھنٹوں کھڑے ہو کر کام کرنے والے واسا اہلکاروں کو شاباش دیتی ہوں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آنے سے گریز کریں کیونکہ صورتحال غیر معمولی ہے، تاہم واسا کی ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ اور فیلڈ میں موجود ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات