گورنر پنجاب کا نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ،نسٹ اور حکومت کے مابین اہم شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

جمعرات 10 جولائی 2025 22:27

گورنر پنجاب کا نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ،نسٹ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جمعرات کے روز نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پرو ریکٹر پلاننگ اینڈ ریسورسز میجر جنرل (ر) محمد عارف ملک نے پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران نسٹ اور حکومت کے مابین نوجوانوں کی ترقی، تحقیق کی کمرشلائزیشن، اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن جیسے اہم شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پرو ریکٹر پی اینڈ آر نے گورنر کو نسٹ کے وژن، اعلیٰ تعلیم میں اس کی کامیابیوں اور قومی ترقی میں ادارے کے فعال کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صوبائی اداروں کے ساتھ مضبوط اور بامعنی اشتراک کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے تعلیم کے میدان میں نسٹ کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے مضبوط صنعتی روابط اور مستقبل بین اقدامات کی تعریف کی جو قومی ترجیحات، بالخصوص علم پر مبنی معیشت کے فروغ سے ہم آہنگ ہیں۔