ای کامرس برآمدات میں انقلاب لا سکتی ہے، علی بابا جیسے پلیٹ فارمز کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے، شہبازشریف

جمعرات 10 جولائی 2025 22:28

ای کامرس برآمدات میں انقلاب لا سکتی ہے، علی بابا جیسے پلیٹ فارمز کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی شہرت یافتہ ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ کے انٹرنیشنل مارکیٹس کے صدر جیمز ڈونگ کی قیادت میں چھ رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، ج ملاقات میں پاکستان میں ای کامرس کے فروغ، برآمدات کے امکانات، اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم نے ای کامرس کو ملکی معیشت کے لیے ایک اسٹریٹجک ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملک میں ای کامرس کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل روڈمیپ مرتب کرنے کی ہدایت کی اور اس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے بتایا کہ علی بابا جیسے عالمی ای کامرس پلیٹ فارمز پر اس وقت تین لاکھ سے زائد پاکستانی، مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات فروخت کر رہے ہیں، جو پاکستان کے ہنر، صلاحیت اور مینوفیکچرنگ کے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ ای کامرس پلیٹ فارمز پر پاکستانی مصنوعات اور کاروباری اداروں کی موجودگی میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ پاکستان برآمدات پر مبنی معیشت کے وڑن کی جانب مؤثر انداز میں گامزن ہو سکے۔ انہوں نے کہا عصرِ حاضر میں ای کامرس برآمدات بڑھانے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے، جس سے پاکستان کو بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔ علی بابا گروپ کے صدر جیمز ڈونگ نے اس موقع پر پاکستان کی کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ علی بابا ویب سائٹ پر پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی مانگ اور فروخت سب سے زیادہ ہے، اور پاکستان میں ای کامرس کے وسیع تر امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے پاکستانی انٹرپرینیورز کی ای کامرس میں تکنیکی تربیت اور مہارت میں اضافے کے لیے علی بابا گروپ کی دلچسپی کا اظہار کیا، اور پاکستان میں ڈیجیٹل ایکسپورٹ کلچر کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات کی پیشکش کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین ایف بی آر، اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ یہ ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کی ترقی، روزگار کے نئے مواقع، اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔