درہ آدم خیل ،ٹریفک حادثے میں شوہر جاں بحق ،بیوی زخمی

جمعرات 10 جولائی 2025 22:39

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں ٹریفک کے حادثہ میں شوہر جاں بحق اور بیوی شدید زخمی ہوگئی جبکہ کوہاٹ کے شہری علاقہ جنگل خیل میں نامعلوم افراد نے ماں کے سامنے ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا ۔

(جاری ہے)

ریسکیو1122 ترجمان جواد آفریدی کے مطابق جمعرات کی صبح درہ آدم خیل میں اخوروال کی حدودمیں انڈس ہائی وے پر ورسک موڑ کے قریب موٹرکار نمبر (BGZ 915 ) ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کنکریٹ بیئریرسے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار عدنان ولد ہدایت مسیح سکنہ ٹل ضلع ہنگو موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی بیوی شدید زخمی ہوگئی۔

ریسکیوٹیم نے حادثہ کی اطلاع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے مجروحہ کو ڈویژنل ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال کوہاٹ منتقل کردیا جبکہ قانونی تقاضے پورا کرنے کے بعد ڈیڈ باڈی کو لواحقین کے حوالے کر دیا۔ ادھر کوہاٹ کے شہری علاقہ جنگل خیل کے قریب بائی پاس روڈ پر گزشتہ شب نامعلوم افراد نے اپنی ماں کے سامنے عالمگیر نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتول کا تعلق درہ آدم خیل سے بتایاجاتا ہے تاہم فوری طورپر وجہ قتل معلوم نہ ہوسکی۔ پولیس سٹیشن جنگل خیل نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔