آل پاکستان انجمن تاجران کالاہور چیمبر کی 19جولائی کو ہڑتال کی کال کی حمایت کا اعلان

حکومت کاروبار بند کرنے پر مجبور نہ کرے ،اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے‘ صدر اشرف بھٹی

جمعرات 10 جولائی 2025 22:56

آل پاکستان انجمن تاجران کالاہور چیمبر کی 19جولائی کو ہڑتال کی کال کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے لاہور چیمبر کی 19جولائی کو ہڑتال کی کال کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروبار دشمن اقدامات کو فی الفور واپس لینے کا اعلان کرے ،حکومت بیورو کریسی کی تجاویز کو من و عن تسلیم کرنے کی بجائے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے ۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر میںمنعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 37اے اے ، بینک ٹرانزیکشنز پر غیر منصفانہ ٹیکسز اور پنجاب کی مجوزہ لیبر پالیسی کے ہوتے ہوئے کاروبار کرنا ممکن نہیں ،،بغیر مشاورت کیے جانے والے فیصلوں کو فی الفور واپس لیاجائے ۔

انہوںنے کہا کہ 2 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن پر بھاری ٹیکس ناقابلِ فہم اور ناقابلِ قبول ہے، شق 37اے اے کے تحت ایف بی آر کو دئیے گئے لا محدوداختیارات ناقابل قبول ہیں۔ حکومت سے اپیل ہے کہ تاجروں کو کاروبار بند کرنے پر مجبور نہ کیا جائے ۔ ہمارے تحفظات کو سنا جائے تاکہ معاشی سر گرمیوں میں تعطل نہ آئے۔