گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ڈسٹرکٹ پشین میں پولیو قطرے پلانے کی مہم 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا

جمعرات 10 جولائی 2025 20:00

×پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پولیو کی راہ میں حائل تمام تر چیلجز کے باوجود ہم پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، پولیو جیسی مہلک بیماری کا خاتمہ اگرچہ مشکل کام ہے لیکن ناممکن ہرگز نہیں، اپنی آئندہ نسلوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پشین ریسٹ ہاس میں ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر پولیو مہم کے آغاز کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات میر سلیم احمد کھوسہ، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی، حاجی محمد خان لہڑی ، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، ، ڈپٹی کمشنر پشین زاہد خان خلجی، کمیونیکیشن آفیسر اصغرخان، ڈی جی ہیلتھ آمین مندوخیل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے صوبے میں پولیو مہم کے زیادہ سے زیادہ نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے جدید اور تخلیقی زاویے سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کے وائرس کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ اور ذمہ داری بھی ہے جس کیلئے ایک نئے عزم اور تخلیقی زاویے کے ساتھ سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ انسدادپولیو مہم میں پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں تاکہ ہمارے بچے اس موذی مرض سے محفوظ رہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر فرنٹ لائن ورکرز بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنا رہے ہیں دنیا بھر سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہوچکا ہے اور اس وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہی. ضروری ہے کہ والدین ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے ضرور پلوائیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے دو ممالک رہ چکے ہیں جہاں پر پولیو وائرس ابھی بھی موجود ہے جب تک اس وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا تب تک بچوں کی معذوری کا خطرہ موجود رہے گا۔

گورنر بلوچستان نے محکمہ صحت کے حکام کو پولیو مہم کی مکمل نگرانی اور انکاری والدین کو راضی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ علما کرام اور قبائلی عمائدین کے تعاون سے مقامی انتظامیہ کو انسداد پولیو مہم میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اور پولیو کو صوبے سے پاک کرنا ہوگا۔