مسلم لیگ (ن )کی جے یو آئی کو خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے کی پیشکش

جمعرات 10 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)مسلم لیگ (ن )نے جے یو آئی کو خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے کی پیشکش کر دی ۔ مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی سے بھی مشاورت کا مشورہ دیا اور حکومتی تجویز پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرا دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی جس میں سینیٹ الیکشن مل کر لڑنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم مل کر الیکشن لڑیں تو زیادہ نشستیں نکال سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کی پیش کش کا مثبت جواب دیا اور کہا کہ آپ کی تجویز سر آنکھوں پر مگر پیپلزپارٹی کو بھی ساتھ ملانا زیادہ بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے جواب دیا ہم پی پی پی سے بھی بات کر رہے ہیں لیکن پہلے آپ کو اعتماد میں لینا ضروری تھا ۔ فضل الرحمان نے یقین دہانی کروائی کہ وہ حکومتی تجویز جی یو آئی کی پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھیں گے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا وفد آئندہ چند روز میں پیپلزپارٹی سے بھی ملاقات کرے گا اگر پی پی پی آمادہ ہوئی تو تینوں جماعتیں مل کر خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن لڑیں گی ۔ حکمران جماعت اس معاملے پر عوامی نیشنل پارٹی کو بھی اعتماد میں لے گی۔