Live Updates

صوبائی حکومت کی اولین ترجیح صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 10 جولائی 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے جب تک صحت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جائے گا ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ بلوچستان میں زچہ بچہ کی صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنا کر صحت کے شعبہ میں انقلاب لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی ماں اور بچوں کی اموات کو کم کرنے اور لوگوں کی صحت کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، اس لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبہ کے لئے کافی فنڈز مختص کئے گئے ہیں ،آبادی کے عالمی دن کے حوالہ سے حکومت بلوچستان تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی جو کہ افراد، خاندانوں اور معاشروں کی مجموعی صحت اور بہبود کے اہم اجزاء ہیں ، پر توجہ مرکوز کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے یہ پیغام دیا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے عوام کی اچھی صحت اور بہبود کے لئے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ صحت مند بلوچستان کا مطلب صحت مند پاکستان ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات