امریکن قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کی صوبائی وزیرصہیب احمد بھرتھ سے ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) امریکن قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ صوبائی وزیر قانون و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں نکھل لاکھنپال (ڈپٹی پولیٹیکل/اکنامک چیف) اور محمد دائم فضیل (پولیٹیکل اسپیشلسٹ) بھی موجود تھے۔وفد نے صوبائی وزیر سے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران کیے جانے والے ریکارڈ ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ایک سال کے دوران12 ہزار کلومیٹر طویل شاہراوں کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی سہولت اور خدمت کے لیے ترقیاتی کاموں کا تسلسل برقرار رکھا گیا ہے جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کے لیے جدید اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پلوں کی تعمیر، سڑکوں کی ری ویمپنگ اور بحالی کا عمل بھی وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے وفد کو بتایا کہ حکومت پنجاب اب پبلک پرائیویٹ ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر کی تعمیر پر کام کرنے جا رہی ہے۔اس ضمن میں ٹول پلازوں پر جدید کیمروں کی تنصیب اور سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں ریکارڈ جدید اصلاحات لائی گئی ہیں،جن میں ڈیش بورڈ کا قیام اور ای-ٹینڈرنگ کے اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی 110 تحصیل اور ضلعی بارز کو بلاامتیاز گرانٹس دی گئی ہیں جبکہ خواتین وکلا کے لیے فی میل بارز کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں اپوزیشن اراکین عوام کے مفاد کی بجائے صرف بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری سخت قانون سازی کے اقدامات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ امریکن قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے پنجاب حکومت کی ترقیاتی کاوشوں اور جدید اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔