بھکر ،پاکستان کو درپیش چیلنجز میں سے ایک اہم چیلنج ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ہے، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 11 جولائی 2025 13:50

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) پاکستان کو درپیش چیلنجز میں سے ایک اہم چیلنج ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ہے وطن عزیز کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے آبادی اور وسائل کے توازن کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے اس سلسلہ میں شرح آبادی کو کم ازکم سطح پر رکھ کر معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرسی ای او محکمہ صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر یاسمین نیازی،پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر زاہدہ قیوم،سوشل ویلفیئر آفیسر شہزاد ولی،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمٰن اولکھ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میڈم نگہت جمیل،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد رمضان اعوان، مفتی عثمان غنی، مولانا سیف للہ،الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی،تحصیل افسران،محکمہ صحت و تعلیم ،سماجی بہبود،این جی آوز اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بعنوان " بااختیار نوجوان. - متوان خاندان - ترقی کی راہ پر پاکستان" کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او محکمہ صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ کا کہنا تھا کہ 11 جولائی پوری دنیا میں عالمی یوم آبادی کے طور پہ منایا جاتا ہےدنیا کی آبادی اس وقت تقریبا 8.23 ارب اور پاکستان کی آبادی تقریبا 25 کروڑ ہےاوریہ آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ نہ ہونے کی وجہ سے ماں اور بچہ دونوں کمزور ہو رہے ہیں۔ بیشتر مائیں اور انکے بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں محدود وسائل ہونے کی وجہ سے بچوں کو اچھی تعلیم اور اچھی صحت دینا مسئلہ بنتا جا رہا ہےتیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ماحولیاتی آلودگی کی ایک بڑی وجہ ہےاس وقت پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح 2.55فیصد سالانہ ہے اگر آبادی اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو 2050 میں آبادی دوگنا ہو جائے گی۔

اس موقع ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمن اولکھ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتاری کیساتھ سے ملک کی بڑھتی آبادی بے شمار مسائل کا پیش خیمہ ثابت ہورہی ہے ایک محتاط اندازے کے مطابق صرف صوبہ پنجاب کے محدود وسائل کے مقابلے میں آبادی کے بڑھنے کی شرح 2.53 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے آبادی کے بڑھتے ہوئے اس رجحان کی بدولت معاشرے میں تیزی سے غربت پھیل رہی ہے اور وسائل کی عدم دستیابی لاقانوننیت ،بے روزگاری،فضائی آلودگی،پانی کی قلت،ٹرانسپورٹ کی کمی، صحت کے منصوبوں کا فقدان ، بڑھتا ہوا درجہ حرارت ،زچہ و بچہ کی اموات جیسے سینکڑوں سنگین مسائل کو جنم دے رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پائیدار سماجی ترقی، خاندانی منصوبہ بندی کی بہتر سہولیات، اور تولیدی صحت کی بہترخدمات کے لئے محکمہ صحت و آبادی پنجاب اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مرتب کردہ جامع پلان پر عمل پیرا ہے۔ محکمہ صحت و آبادی پنجاب کا پیش کردہ" متوازن خاندان "کے نظریہ کا مقصد یہ ہے کہ چادر دیکھ کر پاؤں پھیلائے جائیں اور اپنے وسائل کو مد نظر رکھ کر بچے پیدا کئے جائیں تاکہ ماں اور بچے دونوں کی صحت اچھی رہے تاکہ ایک خوشحال خاندان پروان چڑھ سکے۔

۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد رمضان اعوان نے اس موقع پر کہا کہ جہاں محکمہ صحت و آبادی محدود وسائل میں بھی خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہے وہاں ہم مل کر عہد کریں کہ ہم اپنے وسائل اور بچوں کی تعداد میں توازن رکھیں گے اور اپنے ملک کے بہتر مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔.ویمن لیڈر پودا آرگنائزیشن میڈم سمیرا شاہین نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیے۔سیمینار کے اختتام پر ضلع کونسل ہال سے خصوصی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا