اسرائیل سے متعلق سامانِ تجارت سمندر سے نہیں گزرنے دینگے،حوثی رہنما

جمعہ 11 جولائی 2025 17:37

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)یمنی حوثی ملیشیا کے رہنما عبدالمالک الحوثی نے جمعرات کو کہا کہ کسی بھی کمپنی کو اسرائیل سے متعلق سامانِ تجارت سمندر کے مخصوص علاقوں سے لے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے ایک ٹیلیویژن خطاب میں اس بات کا اعادہ کیا کہ بحیر احمر، خلیج عدن اور بحیر عرب کے راستے ایسی تجارتی نقل و حمل پر حوثیوں کی جانب سے پابندی برقرار رہے گی جس کا ان کے نزدیک اسرائیل سے تعلق ہو۔

(جاری ہے)

ایران سے منسلک حوثی باغیوں نے مہینوں کے پرسکون دورانیے کے بعد اس ہفتے کے شروع میں بحیر احمر میں دو بحری جہازوں کو ڈبو دیا تھا۔حوثیوں کی جانب سے میجک سیز نامی جہاز پر حملے اور ڈبو دینے کے چند دن بعد ایک یونانی بحری جہاز ایٹرنیٹی سی بدھ کے روز ڈوب گیاتھا۔ یوں نومبر 2023 میں شروع کردہ مہم کا دوبارہ آغاز ہوا جس میں 100 سے زائد جہازوں پر حملے کیے گئے۔ گروپ کے مطابق یہ غزہ جنگ میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی ہے۔