وفاق کی پالیسیوں کے سبب بجلی کا استعمال نہیں بڑھ رہا، مراد علی شاہ

6 سال میں 3 کروڑ ٹن کوئلہ آئی پی پیز کو دے چکے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ کا تقریب سے خطاب

جمعہ 11 جولائی 2025 17:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پاکستان کی انرجی باسکٹ ہے، 105 کلو میٹر کی ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے، جو تھر کوئلہ دنیا بھر میں پہنچائے گی۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 6 سال میں 3 کروڑ ٹن کوئلہ آئی پی پیز کو دے چکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ 6 سال میں کوئلے سے 31 گیگا واٹ بجلی تیار کی ہے۔

(جاری ہے)

کوئلے سے پیدا بجلی 30 لاکھ گھروں کو فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر دور میں تھر کوئلے سے 2 پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔1996 میں حکومت گئی تو سرمایہ کاروں کو بہت تنگ کیا گیا، 2008 میں حکومت دوبارہ آئی تو سرمایہ کاروں نے پاکستان آنے سے منع کردیا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ونڈ انرجی پر کام کیا تو حکومت کا خط آگیا، سولر لگانا شروع کیا تو کہا کہ سرپلس بجلی ہے، سارے مسائل وفاق کی پالیسی کے سبب ہیں، وفاق کی پالیسیوں کے سبب بجلی کا استعمال نہیں بڑھ رہا۔