صدر مملکت سے جمہوریہ چیک اور یوکرین کے لئے نامزد پاکستانی سفرا کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

جمہوریہ چیک یورپ میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، آصف علی زر دار ی کاتجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور

جمعہ 11 جولائی 2025 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ چیک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریہ چیک یورپ میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس وِنگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمہوریہ چیک کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر شہریار اکبر خان سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے شہریار اکبر خان کو نئی تقرری پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدر آصف علی زرداری سے یوکرین کے لئے نامزد سفیر میجر جنرل ریٹائرڈ کنور عدنان احمد خان نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کریں۔ صدر آصف علی زرداری نے میجر جنرل ریٹائرڈ کنور عدنان احمد خان کو نئی ذمہ داری پر مبارک باد اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔