بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کے مستقبل کے لیے سنگین چیلنج بن چکی ہے، شیری رحمان

جمعہ 11 جولائی 2025 19:03

بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کے مستقبل کے لیے سنگین چیلنج بن چکی ہے، شیری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی نے پاکستان کو سنجیدہ معاشی، ماحولیاتی، اور سماجی چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان کی موجودہ آبادی 24 کروڑ سے زائد ہے، جو نہ صرف وسائل پر دباؤ ڈال رہی ہے بلکہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہے۔

عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا واضح موقف ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی پائیدار ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے پارٹی کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خاندانی منصوبہ بندی، تولیدی صحت، اور خواتین کے اختیار کو بڑھانے کے لئے متعدد جامع پالیسیوں پر عمل درآمد کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد آبادی کی شرح کو کم کرنا اور تولیدی صحت کی سہولتیں فراہم کرنا تھا، جس نے پاکستان میں آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اہم بنیاد فراہم کی۔شیری رحمان نے خبردار کیا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے اور اگر پاپولیشن بم پر قابو نہ پایا گیا تو ملک 2030 تک دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گاًپاپولیشن بم پر قابو نہ پایا گیا تو ملک 2030 تک دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین مسئلے کا حل معاشرے کے تمام شعبوں کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔