وزیراعلی سندھ کی بلوچستان میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت

جمعہ 11 جولائی 2025 20:35

وزیراعلی سندھ کی بلوچستان میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان میں مسافروں کو بس سے اتار کر بے دردی سے قتل کرنے کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ معصوم شہریوں کا اغوا اور قتل ایک ناقابل برداشت اور انسانیت سوز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

دشمن کی یہ سفاک کارروائیاں پاکستان کی یکجہتی اور امن کو سبوتاژ کرنے کی گھنانی سازش کا حصہ ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بسوں سے مسافروں کو اتار کر قتل کرنا بدترین درندگی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ قوم متحد ہوکر "فتنہ الہند" کے ایجنڈے کو ناکام بنائے گی اور پاکستان دشمن عناصر معصوم خون سے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ شہدا کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔