سائنو پاک میڈیا سینٹر کے وفد کا لاہور پریس کلب کا دورہ ،گورننگ باڈی سے ملاقات

جمعہ 11 جولائی 2025 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)سائنو پاک میڈیا سینٹر کے ایک وفد نے Mr. Paul Zhou اور عامر علی کی قیادت میں لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور گورننگ باڈی سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، نائب صدر صائمہ نواز، ممبر ان گورننگ باڈی سید بدر سعید اورالفت حسین مغل ، سینئر صحافی عامر سہیل، عاطف پرویز، رانا فہد، حافظ عدنان لودھی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

صدر ارشد انصاری نے معزز مہمانان کو پریس کلب میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چائنہ بھائی بھائی ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے، پاک بھارت جنگ میں جس طرح چین نے پاکستان کا ساتھ دیا اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی جس کیلئے ہم برادر ملک چائنہ کے شکر گزار ہیں، چین نے ہر طرح کے مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر Mr. Paul Zhou اور عامر علی نے کہا کہ لاہور پریس کلب آکر بہت خوشی ہو ئی ہے ، صحافی دونوں ممالک کی لازوال دوستی کو مزید مضبوط کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، چین نہ صر ف اقتصادی شعبہ میں بلکہ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں بھی پاکستان سے بھرپور تعاون کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ سائنو پاک میڈیا سینٹر (تھنک ٹینک) جلد پریس کلب میں سی پیک منصوبہ پر صحافیوں کے ساتھ ایک خصوصی نشست رکھے گا۔

ملاقات میں طے پایا کہ اس پلیٹ فارم کے تحت جرنلسٹ ایکسچینج پروگرام اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گاجبکہ جلد ہی لاہور پریس کلب ممبران کو چائنیز زبان کے خصوصی کورسز بھی کروائے جائیں گے۔صدر ارشد انصاری نے کلب آمد پر معزز مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور پھول پیش کئے۔