Live Updates

سانحہ دریائے سوات دلخراش سانحہ ،غفلت کے مرتکب کسی رعایت کے مستحق نہیں، فضل حکیم

ذمہ دار اداروں کے خلاف کارروائی جاری ہے، کمیٹی بناکر تحفظات کا حل نکالا جائے گا، وزیرلائیو سٹاک خیبرپختونخوا

جمعہ 11 جولائی 2025 22:29

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ سانحہ دریائے سوات ایک افسوسناک سانحہ ہے، جس نے پورے ملک کو افسردہ کر دیا۔ اس سانحے میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، جس کا کوئی نعم البدل نہیں، لیکن سیلابی صورتحال میں غفلت برتنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

غفلت کے مرتکب اداروں اور افسران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور متعدد آفیسران کو معطل کرکے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی مینگورہ سٹی کے صدر و چیئرمین حیدرعلی خان، چیئرمین حبیب اللہ، چیئرمین ضیا الحق تاجک، سہراب خان، نعمت شاہ اور دیگرعہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

فضل حکیم خان نے کہا کہ 27 جون کو پیش آنے والے سانحہ کے روز ہم نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے رہے بلکہ اسپتال میں اس وقت تک موجود رہے جب تک تمام میتوں کو روانہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مشران کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ایک نمائندہ کمیٹی تشکیل دیں تاکہ ہم انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان کے تحفظات اور خدشات کا حل نکال سکے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا ذریعہ نہ بنایا جائے، بلکہ مشران حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر اس کا دیرپا حل نکالیں۔ اگر کسی متاثرہ شخص کے ساتھ نانصافی ہوئی ہے تو ہم مکمل تعاون کریں گیاورمتاثرین کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔فضل حکیم خان نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کا حصہ رہنے والوں کو پنجاب اور سندھ کے سانحات یاد نہیں آتے، لیکن یہاں قدرتی آفت پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد و یکجہتی سے مسائل کے حل کا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم کسی سے ذاتی عناد رکھتے ہیں اور نہ ہی کسی سے زیادتی کو برداشت کریں گے بلکہ تمام تر اقدامات انصاف کے عین مطابق اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ سانحہ کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات