ملتان، ایف بی آر ٹیم کی کارروائی،72 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نان ٹیکس پیڈ سگریٹ برآمد

جمعہ 11 جولائی 2025 22:38

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ملتان میں ایف بی آر اِن لینڈ ریونیو انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 72 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نان ٹیکس پیڈ سگریٹ برآمد کر لیں۔تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں سمگلنگ کی روک تھام ، ٹیکس چوری پر قابو پانے اور قومی ریونیو میں اضافے کیلئے ایف بی آر اِن لینڈ ریونیو انفورسمنٹ ٹیم کی بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔

اس ضمن میں چیف کمشنر ( اِن لینڈ ریونیو ) محمد طارق ارباب کی ہدایت پر اِن لینڈ ریونیو انفورسمنٹ ملتان کی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر ربنواز بھٹی کی زیر نگرانی جمعہ کو حسن آباد میں ایک نجی سگریٹ ڈیلر کے گودام پر چھاپہ مارا۔دوران کارروائی گودام سے نجی برانڈ کے نان ٹیکس پیڈ سگریٹ کے 144 کارٹن برآمد کر کے قبضہ میں لیکر ایف بی آر کے آر ٹی او بلڈنگ وئیر ہاؤس میں منتقل کردیئے۔

(جاری ہے)

قبضہ میں لئے گئے سگریٹ پر ٹیکس سٹیمپ نہیں تھی اور یہ سگریٹ نان ٹیکس پیڈ تھے، یہ سگریٹ خیبر ٹوبیکو کمپنی لمیٹڈ مردان کی جانب سے تیار کیے گئے تھے،جن کی مالیت تقریبا 72 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے،جن پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی رقم تقریباً 86 لاکھ روپے بنتی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ربنواز بھٹی نے کہا کہ ٹیکس چوری پر قابو پانے کیلئے ایف بی آر انفورسمنٹ ٹیم کے جوان اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دن رات مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمگلنگ اور ٹیکس چوری ایک سنگین قومی جرم ہے، جس کی روک تھام کیلئے بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے نان ٹیکس پیڈ سگریٹ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر رکھی ہے ، جس پر سگریٹ کی ضبطگی کے ساتھ ساتھ جرمانہ اور دو سال قید کی سزا مقرر ہے۔