ًبلوچستان اور پنجاب کا لہو ایک ہے، دشمن کی ہر سازش خاک میں ملائیں گی: ڈاکٹر مزمل ہاشمی

جمعہ 11 جولائی 2025 21:10

ر لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے ضلع ثوب میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ہاتھوں 9 معصوم شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ درندگی پاکستان کے امن، خودمختاری اور وقار پر براہ راست حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے کہا کہ بھارت پاکستان سے بدترین پسپائی اور اپنی عالمی سطح پر ناکامیوں کی خفت مٹانے کے لیے فتنہ الہندوستان کے ایجنٹوں کو بلوچستان میں استعمال کر رہا ہے۔ اس کا مقصد معصوم پنجابیوں کا خون بہا کر بلوچی، پنجابی اور دیگر پاکستانیوں کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرنا ہے، تاکہ قوم کو تقسیم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

مگر دشمن یہ جان لے کہ پاکستانی قوم ہر لسانی، علاقائی اور مذہبی تفریق سے بالاتر ہو کر ایک مضبوط چٹان کی مانند متحد ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت متزلزل نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس ناسور کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ ہم اپنے وطن کی سلامتی، وقار اور ہر انچ زمین کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ان سازشوں کا مکمل قلع قمع کریں اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے نشان عبرت بنایا جائے، تاکہ دوبارہ کوئی اس مادرِ وطن کے امن سے کھیلنے کی جرات نہ کر سکے۔