ؤ10مسافروں کو اغوا کرنے اور ان میں سے 9کی لاشیں ملنے کے افسوسناک ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعہ 11 جولائی 2025 21:45

؛کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ سے پنجاب جانیوالی مسافر بس سے 10مسافروں کو اغوا کرنے اور ان میں سے 9کی لاشیں ملنے کے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے میں حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے اور فارم47کی حکومت کے مذمتی بیانات سے متاثرہ خاندانوں کی تسلی وتشفی نہیں ہوسکتی جب تک ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی دہشت گردی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔دہشتگردانہ واقعہ کے بعد ملزمان کا بآسانی فرار ہوجانا دراصل حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز پارٹی کے صوبائی بیان میں میختر کے مقام پر سینکڑوں سبزیات ومیوہ جات کی گاڑیوں کو روکنے کی مذمت اور مطالبہ کیا گیا تھا کہ اس اقدام کو ترک کیا جائے اور گاڑیوں کو روکنے کی بجائے شاہراہوں پر عوام کے جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

لیکن گزشتہ شب کا واقعہ جس میں بسز سے مسافروں کو شناخت کی بنیاد پر اتارنے اور انہیں قتل کرنا یہ پہلا واقعہ نہیں اس پہلے بھی اس طرح کے واقعات موجودہ فارم 47کی مسلط حکومت کے دور میں ہوتے چلے آرہے ہیں جن کے ملزمان آج تک آزاد ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے حکومت کی جانب سے جن تنظیموں پر الزام لگایا جاتا ہے انہیں ملوث ہونے یا نہ ہونے کی تردید یا تائید کرنی چاہیے۔

جو ہمارے وطن کے امن وامان کے بگاڑ میں ملوث ہیں۔ پارٹی بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردانہ واقعات میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا اور عوام کی سرومال کی تحفظ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اسے فوری طو پر پورا کیا جائے محض مذمتی بیانات سے خود کو بری الذمہ نہیں قرار دیا جاسکتا۔ بیان میں شہدا کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی گئی ہے۔