ؒڈیرہ مراد جمالی میں پانی، نکاسی آب اور سڑکوں کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ، میر صادق عمرانی

جمعہ 11 جولائی 2025 21:45

,کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی کو جدید سہولیات سے آراستہ ماڈرن سٹی بنانے کے لیے پہلے مرحلے میں ڈھائی ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ شرقی ڈیرہ مراد جمالی سے آغاز لے گا، جہاں پانی، نکاسی آب اور سڑکوں کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پینے کے صاف پانی کی نئی لائنوں کی تنصیب، تالابوں کی کشادگی، ہر گلی میں سیوریج سسٹم کی فراہمی اور تمام گلیوں کی پختگی جیسے اہم ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔

ان تمام کاموں کے لیے ڈرون کے ذریعے جدید اسسمنٹ مکمل کر لی گئی ہے تاکہ منصوبہ بندی میں شفافیت اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی سے آئے ہوئے مختلف وفود اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں پیپلز پارٹی کے سابقہ دورِ حکومت میں ہی بنیادی ترقیاتی کاموں جیسے گیس کی فراہمی، پانی اور سڑکوں کی تعمیر کا آغاز ہوا تھا، تاہم اس کے بعد کئی سالوں تک شہر ترقیاتی لحاظ سے نظر انداز رہا انہوں نے کہا کہ اب جب دوبارہ پیپلز پارٹی کو عوامی خدمت کا موقع ملا ہے، تو عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

موجودہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں پورے ڈیرہ مراد جمالی شہر کی تمام گلیوں اور سڑکوں کی پختگی، سیوریج سسٹم کی مکمل بحالی اور تینوں واٹر سپلائی اسکیموں کی توسیع کی جائے گی، جب کہ پینے کے صاف پانی کی نئی لائنیں پورے شہر میں بچھائی جائیں گی میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک حقیقی عوامی جماعت ہے، جو عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو اپنی سیاست کا مرکز سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مکمل خوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی تک ترقیاتی سفر جاری رہے گا۔