جموں و کشمیر،امرناتھ یاترا کے محفوظ انعقاد کےلئے آپریشن شیوا کے تحت 8ہزار فوجی اہلکار تعینات

ہفتہ 12 جولائی 2025 15:59

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں سالانہ ہندو امرناتھ یاترا کا محفوظ انعقاد یقینی بنانے کےلئے ”آپریشن شیوا“ کے تحت جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ساڑے آٹھ ہزار سے زائد بھارتی فوجی اہلکار تعینات کر دیے گئے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ آٹھ ہزار سے زائد فوجی سینٹرل آرمڈ پولیس فورس اور دیگر بھارتی پیرا ملٹری فورسز کے ان ہزاروںاہلکاروں کے علاوہ ہیں جو پہلے پہلے ہی یاتریوںکی حفاظت پر مامور ہیں۔

آپریشن شیواکے تحت بھارتی فوجیوں کی تعیناتی یاترا کے دونوں بالٹل اور پہلگام کے راستوں پر کی گئی ہے۔راستوں کی جدید ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔علاوہ ازیں ایک انجینئر ٹاسک فورس کو بھی متحرک رکھا گیا ہے جو راستوں کو ہموار اور چوڑا کرنے اور لینڈ سلائینڈنگ کی صورت میں فوری طور پر ملبہ ہٹانے کا کام انجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

امرناتھ یاترا 3جولائی کو شروع ہوئی تھی اور یہ 9اگست تک جاری رہے گی۔یاد رہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت امرناتھ یاترا کے بحفاظت انعقاد اور یاتریوںکو تمام سہولیات بہم پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے جبکہ اس نے کشمیری مسلمانوں کے دیگر بنیادی حقو ق کے ساتھ ساتھ مذہبی حقوق بھی سلب کر رکھے ہیں ۔مسلمانوں کو اکثر نماز جمعہ اور عید کی نماز سے روکا جاتا ہے ۔ جامع مسجد سرینگراور عید گاہ سرینگر اگست 2019سے عید نماز کےلئے بند ہیں ۔ کشمیریوں کو محرم الحرام کے جلوسوں سے بھی روکا جاتا ہے۔