ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے ”العدید ایئر بیس“ پر حملے میں اہم سیٹلائٹ کمیونیکیشن ڈوم کو نقصان پہنچایا، پینٹاگون کی تصدیق

ایرانی میزائل نے خاص طور پر مواصلات کو محفوظ بنانے والے ڈوم کو تباہ کیا جو امریکی فوجی آپریشنز کیلئے انتہائی اہم تھا،حملے سے پہلے اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر میں فوجی اڈے کی تباہی واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 جولائی 2025 15:27

واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جولائی 2025)ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے ”العدید ایئر بیس“ پر حملے میں اہم سیٹلائٹ کمیونیکیشن ڈوم کو نقصان پہنچایا،امریکی دفاعی محکمے پینٹاگون نے قطر میں امریکہ کے زیر استعمال العدید اڈے پر ایرانی حملے کی تصدیق کر دی، امریکی اڈے پر تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آ گئیں، حملے سے پہلے اور بعد کی جاری کردہ سیٹلائٹ تصاویر میں اڈے کے مواصلاتی ڈوم کو پہنچنے والی شدید تباہی واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون کے چیف ترجمان شان پرنیل نے ترکیہ کے خبر رساں ادارے ’انادولو‘ کیلئے دئیے گئے بیان میں تصدیق کی کہ ایران کی جانب سے گزشتہ ماہ داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل قطر میں واقع امریکی فضائی اڈے العدید ایئر بیس پر گرا تھا۔

(جاری ہے)

ایران نے 23 جون کو قطر میں واقع امریکی فوجی اڈے ”العدید ایئر بیس“ پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا جس میں امریکی فوج کے زیر استعمال ایک اہم سیٹلائٹ کمیونیکیشن ڈوم کو شدید نقصان پہنچا۔

امریکی خبر رساں ادارے نے سیٹلائٹ تصاویر اور سرکاری بیانات کی روشنی میں اس حملے کی تصدیق کی ہے۔پینٹاگون نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران کے بیلسٹک میزائل نے العدید اڈے پر امریکہ کے مواصلاتی حصے کو نشانہ بنایا۔ ایرانی میزائل نے خاص طور پر مواصلات کو محفوظ بنانے والے ڈوم کو تباہ کیا جو امریکی فوجی آپریشنز کیلئے انتہائی اہم تھا۔

23 جون 2025 کو ایران کا ایک بیلسٹک میزائل العدید ایئر بیس پر آ کر گراجب کہ باقی میزائلوں کو امریکی اور قطری ایئر ڈیفنس سسٹمز نے کامیابی سے تباہ کر دیا تھا۔شان پرنیل نے مزید کہا کہ اس حملے سے اڈے پر موجود ساز و سامان اور ڈھانچے کو معمولی نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ نقصان محدود نوعیت کا تھا اور اڈے کی تمام آپریشنل سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

ان کے مطابق العدید ایئربیس مکمل طور پر فعال ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے سے قبل ڈوم عمارت مکمل طور پر صحیح سلامت تھی جبکہ حملے کے بعد اس کی چھت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور اندرونی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے۔ سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ حملہ ایران کی میزائل ٹیکنالوجی کی مہارت کا مظہر ہے جس میں انہوں نے انتہائی درستگی سے اہم امریکی فوجی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھاکہ ایران نے اس میزائل حملے سے قبل پیشگی اطلاع فراہم کی تھی جس کے باعث امریکی اور قطری دفاعی نظام کو تیاری کا موقع ملا۔ٹرمپ کے مطابق ایران نے 14 میزائل داغے، جن میں سے 13 کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ ایک میزائل کو جان بوجھ کر ایک ”غیر خطرناک ہدف“ کو نشانہ بنانے کی اجازت دی گئی تھی۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھاتھا میں ایران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ہمیں پیشگی اطلاع دی جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں یہ بھی کہا تھاکہ ایران نے حملے سے قبل اشارہ دے دیا تھا جس کی وجہ سے ہمیں اڈے کو جزوی طور پر خالی کرنے کا موقع ملا تھا۔دوسری جانب قطر کی حکومت نے اب تک اس واقعے پر کوئی رسمی ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا۔