امریکی اڈوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، قطر میں امریکی اڈوں پر حملہ معمولی واقعہ نہیں تھا، آیت اللہ علی خامنہ ای

اگر ضرورت پڑی تو مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو دوبارہ نشانہ بنایا جاسکتا ہے، ایران خطے میں امریکی اڈوں تک باآسانی پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایرانی سپریم لیڈر،امریکہ غلطیوں کا ازالہ کرے تو مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں،عباس عراقچی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 جولائی 2025 16:40

تہران(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جولائی 2025) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ امریکی اڈوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، قطر میں امریکی اڈوں پر حملہ معمولی واقعہ نہیں تھا، جو دوبارہ بھی ممکن ہوسکتاہے،آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کو واضح پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو دوبارہ نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران خطے میں امریکی اڈوں تک باآسانی پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اگر واشنگٹن نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا بھی کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ وقار اور باہمی احترام کی بنیاد پر مذاکرات شروع کرنے کیلئے آمادہ ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ غلطیوں کا ازالہ کرے تو مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔فرانسیسی اخبار کو انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ امریکہ سے مذاکرات کیلئے سب سے پہلے امریکہ کو اپنا رویہ تبدیل کر کے مذاکرات کے دوران ایران پر مزید حملے نہ کرنے کی ضمانت دینا ہو گی۔عباس عراقچی کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کو جوہری تنصیبات پر نقصان کے تخمینے کے بعد معاوضہ طلب کرنے کا حق حاصل تھا۔

امریکہ کے حالیہ حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نقصان پہنچا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکہ کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا تھا۔ہم نے حملہ کیا اور خطے میں امریکہ کے ایک اہم اڈے العدید ایئر بیس کو نقصان پہنچایا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئیٹر)پر اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ تمام دعوؤں کے باوجود اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا تھا۔

امریکہ کو اس جنگ سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔ ایرانی حملوں میں صہیونی ریاست پاش پاش ہوگئی تھی۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ میں ایران کی فتح کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی قوم کو مبارک باد پیش کی تھی۔ آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ میں ایران کی فتح کا اعلان کرتے ہوئے امریکہ سے فتح پر ایرانی قوم کو مبارک باد پیش کی تھی۔