Live Updates

کراچی میں اگلے تین دنوں کے دوران رات اور صبح کے وقت ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)کراچی ڈویژن کے لیے آئندہ 3 دنوں کے دوران جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب موسم کی پیشگوئی جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے تین دنوں کے دوران رات اور صبح کے وقت ہلکی بوندا باندی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ موسم کا مجموعی مزاج مرطوب رہے گا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

شہر میں صبح کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے جب کہ شام کے وقت یہ شرح 55 سے 65 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ہواں کا رخ عموما جنوب مغربی رہے گا تاہم مغربی سمت کی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جو موسم میں جزوی تبدیلی کا باعث بن سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں مون سون کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

آج جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، سکھر، دادو، قمبر شہدادکوٹ اور جامشورو جیسے اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر کے اضلاع میں ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔صوبے کے باقی حصوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود، گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور خاص طور پر صبح و شام کے وقت غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ نمی اور گرمی کے باعث لاحق صحت کے خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات