ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کا کلینک آن وہیلز کا دورہ، فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:40

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ ہیلتھ پروگرام "کلینک آن وہیلز" کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن، کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر اکرام لغاری اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے موبائل کلینک پر موجود ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور علاج کے لیے آنے والے مریضوں سے براہ راست گفتگو کی اور طبی سہولیات کے معیار کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کلینک آن وہیلز کے ریکارڈ، عملے کی حاضری، مریضوں کے اندراج اور ادویات کی دستیابی کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "کلینک آن وہیلز" وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک انقلابی اور عوام دوست اقدام ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے رہائشیوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے، جو عام حالات میں بنیادی علاج معالجہ کی سہولت سے محروم رہتے تھے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ اس فلاحی منصوبے کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔