؁ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے قافلے کو اسلام آباد جانے سے روکنے کی کسی بھی کوشش جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہے ،پختون یار خان

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:15

+ پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے قافلے کو اسلام آباد جانے سے روکنے کی کسی بھی کوشش کو جمہوری اصولوں اور آئینی حقوق کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی قیادت کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہے اور ہم اپنے اُن ساتھیوں سے جمہوری اور پرامن یکجہتی کیلئے جا رہے ہیں جنہیں پنجاب اسمبلی سے نکالا گیا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی دھرنا یا احتجاج نہیں بلکہ صرف اور صرف بھائی چاری ،اتحاد اور جمہوریت سے وابستگی کا مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قافلہ قومی یکجہتی,امن اور جمہوری اصولوں کے فروغ کیلئے اسلام آبادپہنچ گیا ہے اور اس کے خلاف کسی قسم کی رکاوٹ جمہوری رویوں سے انحراف اور آئینی حق کی نفی ہوگی۔

(جاری ہے)

اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی مکمل ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں میں جو حکومتیں قائم کی گئیں وہ فارم 47 کی مرہون منت ہیں جبکہ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں حقیقی عوامی حمایت اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں قیادت تشکیل پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے جس قیادت پر اعتماد کیا ہے وہ کسی بھی غیر آئینی اقدام کو ہرگز قبول نہیں کرے گی اور اس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔