اسلام آباد میں ای پارکنگ معاہدےکی منسوخی کا فیصلہ برقرار

ہفتہ 12 جولائی 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) اسلام آباد معزز عدالت نے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے) میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کی جانب سے ای پارکنگ کے ٹھیکے کی منسوخی کو مکمل طور پر قانونی، ضابطہ کے عین مطابق اور عوامی مفاد میں قرار دیتے ہوئے ٹھوس عدالتی توثیق فراہم کی ہے ، اس فیصلے کو انتظامی شفافیت، مالی دیانت داری اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے،یہ معاہدہ جون 2025 میں اے جے سی ایل کمپنی سے اس وقت منسوخ کیا گیا جب معاہدے کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی، مالی بے ضابطگیاں اور کیش لیس نظام کے عدم نفاذ جیسے سنگین نقائص سامنے آئے ، مذکورہ کمپنی کی جانب سے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے مختلف قانونی چارہ جوئی کی گئی جن میں توہین عدالت کی درخواست، پارکنگ سائٹس کی دوبارہ تحویل کی اپیل اور سمارٹ پارکنگ کی مجوزہ نیلامی کو روکنے کی استدعا شامل تھی ،معزز عدالت نے تمام دعوئوں کو غیر مؤثر اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ڈی ایم اے ، ایم سی آئی کے فیصلے کو مکمل قانونی تقاضوں اور انتظامی طریقہ کار سے ہم آہنگ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے)میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آبادایم سی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس فیصلے کو نہ صرف قانونی ماہرین بلکہ شہری حلقوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے جو اسے ایک ایسا فیصلہ قرار دے رہے ہیں جو ادارہ جاتی احتساب، شفاف عملداری اور پائیدار شہری نظم و نسق کو فروغ دیتا ہے۔ڈی ایم اے کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ یہ فیصلہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ ریاستی وسائل کے مؤثر تحفظ، بدانتظامی کی روک تھام اور اصلاحاتی اقدامات کےتسلسل میں کوئی رکاوٹ قابل قبول نہیں ہوگی۔

علاوہ ازیں ڈی ایم اے، ایم سی آئی کی انتظامی سنجیدگی، شفاف فیصلے اور شہری مفاد پر مبنی پالیسیوں کو باخبر اور ذمہ دار قومی حلقوں کی جانب سے قابل تحسین قرار دیا جا رہا ہے۔ادارے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اسلام آباد سمارٹ پارکنگ منصوبے سمیت تمام بلدیاتی خدمات کو مؤثر، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔