معاشی بہتری ،خطے ،جغرافیائی حالات کے پیش نظر سیاسی استحکام نا گزیر ہے‘ پنجاب بار کونسل

سیاسی جماعتیں مسائل کے حل کیلئے با معنی اور نتیجہ خیز ڈائیلاگ کریں ‘ وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ

اتوار 13 جولائی 2025 11:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی بہتری ،خطے اور بالخصوص جغرافیائی حالات کے پیش نظر سیاسی استحکام نا گزیر ہے ،سیاسی جماعتیں مسائل کے حل کیلئے با معنی اور نتیجہ خیز ڈائیلاگ کریں ، ایسے حالات میں معتبر سیاستدانوں اوروکلاء رہنمائوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، بلوچستان میں شناخت کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والوں کو بیدردی سے قتل کرنا قابل مذمت اور بہت بڑی سازش ہے جس کا قو م کو ادراک ہے ،وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے گروپ انشورنس سمیت مختلف منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے پنجاب کے مختلف اضلاع سے ملاقات کے لئے آنے والے بارز کے نمائندہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفود نے وائس چیئرمین پنجاب بار کو وکلاء کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کے اندراج سمیت دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا ۔ عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ جھوٹے مقدمات کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ، وزیر اعلیٰ پنجاب، وفاقی ،صوبائی وزرائے قانون اور آئی جی پنجاب اس کا فی الفور نوٹس لیں اور جھوٹے مقدمات کے اخراجات کے احکامات جاری کئے جائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ وکلاء معاشرے کا پڑھا لکھا طبقہ ہے اور انتہائی مشکلات کے باوجود معاشرے میںانصاف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی ، آئین و قانون کی سر بلندی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اس سے دریغ نہیںکریں گے۔ وکلاء قیادت ملک کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہویء ہے، سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ مسائل کے حل کیلئے ڈائیلاگ کریں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام آسکے ۔