مقبوضہ جموں وکشمیرمیں امرناتھ یاتری کے لاپتہ ہونے پر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شرو ع

اتوار 13 جولائی 2025 11:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں گاندربل کے علاقے ریل پتھری کے قریب ایک امرناتھ یاتری لاپتہ ہوگیا ہے جسے تلاش کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خدشہ ظاہرکیاجارہا ہے کہ وہ یاترا کے دوران کسی نالے میں گر گیا ہے۔لاپتہ یاتری کی شناخت لدھیانہ سے تعلق رکھنے والے سریندر پال اروڑہ کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے بتایا کہ لدھیانہ کا رہنے والا سریندر پال اروڑہ سات افراد کے گروپ میں بریمرگ سے ریل پتھری جا رہا تھا کہ آدھی رات کے قریب اس کے رویے میں اچانک تبدیلی آئی اوراس نے اوپر نیچے بھاگنا شروع کیا اور بعد میں زیڈ موڑ کے قریب ایک گلیشیر کے نزدیک ریلنگ سے چھلانگ لگا دی۔اطلاع ملنے کے فوراً بعد بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کیا۔پولیس ، پیراملٹری فورسز کی ٹیموں اور دیگر ایجنسیوں نے اس کی لاش کو ڈھونڈنے کے لیے مربوط انداز میں تلاشی مہم شروع کی ہے۔ لاپتہ شخص کا سراغ لگانے کے لیے ڈرونز بھی استعمال کئے جارہے ہیں۔