13 جولائی 1931ء کے شہداء نے اپنے خون سے تحریکِ آزادی کشمیر کی بنیاد رکھی،سردار عتیق

کشمیری عوام آج بھی انہی جذبوں کیساتھ جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،سابق وزیراعظم

اتوار 13 جولائی 2025 15:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں نکالی گئی ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی، قربانی اور حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے درج تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے شہداء نے اپنے خون سے تحریکِ آزادی کشمیر کی بنیاد رکھی اور ان کی قربانیوں کی بدولت آج تحریک ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آج بھی انہی جذبوں کے ساتھ جدوجہدِ آزادی میں مصروف ہیں اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم، کالے قوانین اور ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ وہ شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں اور ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنیں۔ریلی کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ کیا گیا، جس میں شہداء کی مغفرت، تحریک آزادی کی کامیابی اور کشمیری عوام کے صبر و استقامت کے لیے دعا کی گئی۔