Live Updates

مون سون بارشیں،دریائے سند ھ میں تونسہ بیراج پر درمیانے درجے، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب، پی ڈی ایم اے کا فلڈالرٹ جاری

تونسہ میں کئی بستیاں زیر آب آ گئیں، راجن پور کے کچے کے علاقوں سے لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 14 جولائی 2025 10:55

مون سون بارشیں،دریائے سند ھ میں تونسہ بیراج پر درمیانے درجے، گڈو اور ..
کوٹ ادو(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جولائی 2025)مون سون بارشیں، دریائے سند ھ میں تونسہ بیراج پر درمیانے درجے،گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب،پی ڈی ایم اے کا فلڈالرٹ جاری کردیا، حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے کشمور میں دریائے سندھ گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی جس کے باعث محکمہ ایریگیشن نے درمیانے درجے کے سیلاب کا اعلان کر دیا۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے اس کے علاوہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1527 اور منگلا ڈیم میں 1184 فٹ ہو گئی۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ تونسہ بیراج میں درمیانے درجے کی سیلابی صورت حال ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 55 ہزار 283 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 15 ہزار 558 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 190 کیوسک پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے۔دریائے سندھ میں راجن پور، گھوٹکی اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تونسہ میں کئی بستیاں زیر آب آ گئیں، دوسری جانب راجن پور کے کچے کے علاقوں سے لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

محکمہ ایریگیشن کے ذرائع کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 26 ہزار 400 کیوسک ہے، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورت حال ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 کو تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تونسہ بیراج سے نکلنے والی رابطہ نہروں کو پانی کی فراہمی بند کر دی گئی۔ کوہ سلیمان سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کے بعد پانی کی سطح میں اضافہ ہو چکا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔

متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں، خاص طور پر دریائی کنارے آباد افراد کو احتیاط برتنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لاہور، اوکاڑہ، بہاولنگر، منچن آباد، رینالہ خورد سمیت مختلف شہروں بادل برس پڑے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد، سندھ، کے پی اور بلوچستان میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ 

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات