اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 14 جولائی 2025ء) چار خلاء بازوں پر مشتمل ایگزیوم فور امریکہ کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے پچیس جون کو روانہ کیا گیا تھا۔ ناسا کے مطابق اس کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے اور یہ منگل کی دوپہر کیلیفورنیا کی ساحل کے قریب اترے گا۔
چار دہائی سے زیادہ عرصے میں یہ پہلا موقع ہے جب کوئی بھارتی خلاباز خلاء میں گیا۔
سنیتا ولیمز کی خلاء سے محفوظ واپسی پر بھارت میں جشن کا ماحول
اس مشن میں شامل بھارتی خلاء باز کیپٹن شوبھانشو شکلا نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن ( آئی ایس ایس) سے اتوار کے روز اپنے الوداعی پیغام میں کہا، ’’آج کا بھارت خلاء سے پرعزم دکھتا ہے، آج کا بھارت نڈر دکھتا ہے، آج کا بھارت پراعتماد نظر آتا ہے، آج کا بھارت قابل فخر دکھتا ہے، آج کا بھارت ابھی بھی سارے جہاں سے اچھا نظر آتا ہے۔
(جاری ہے)
اپنی الوداعی تقریر کے دوران اپنے ہم وطنوں سے ہندی میں خطاب کرتے ہوئے شکلا نے کہا کہ خلاء میں ان کا سفر ختم ہو رہا ہے، لیکن بھارت کے انسانی خلائی مشن کا سفر ابھی بھی بہت طویل اور مشکل ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارا سفر ابھی بہت طویل ہے۔‘‘
بھارت کی خلائی ڈاکنگ کامیاب، یہ کارنامہ انجام دینے والا چوتھا ملک بن گیا
خلا میں جانے والے پہلے بھارتی راکیش شرما کا ذکر کرتے ہوئے شکلا نے کہا، 41 سال پہلے ایک بھارتی خلاء میں گیا تھا۔
خیال رہے کی اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے جب ان سے پوچھا تھا کہ بھارت خلا سے کیسا لگتا ہے، تو انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبال کی مشہور نظم ’ترانہ ہندی‘ کا یہ مصرع دہرایا تھا، ’سارے جہاں سے اچھا۔‘اس تاریخی لمحے کو دنیا بھر میں ٹیلی ویژن پر دکھایا گیا تھا۔
’تقریبا جادوئی لگتا ہے‘
شوبھانشو شکلا نے کہا کہ عملے نے مشن کے دوران زمین کی طرف جب بھی مڑ کر دیکھا تو انہیں ایک جادوئی احساس ہوا۔
’’پچھلے ڈھائی ہفتوں یا اس سے زیادہ کے دوران، ہم نے آؤٹ ریچ سرگرمیاں کی ہیں اور جو بھی وقت ہمیں ملا ہم نے زمین کی طرف پیچھے مڑ کر دیکھا، ہم ہمیشہ کھڑکی سے باہر دیکھ رہے تھے۔ یہ تقریباً مجھے جادوئی لگتا ہے۔‘‘
پہلی بھارتی خلائی پرواز میں سوار ہونے والے خلاباز کون؟
انہوں نے مزید کہا ’’یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے۔
جب میں نے 25 جون کو شروع کیا تو میں نے اس سب کا تصور بھی نہیں کیا تھا۔ اس میں شامل تمام لوگوں کی وجہ سے یہ ایک ناقابل یقین سفر بن گیا۔‘‘متحد ہوکر مشترکہ انسانی مقاصد کا حصول آسان
اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوتا ہے، تو کیلی فورنیا کے ساحل کے قریب منگل کی سہ پہر میں خلائی طیارہ اترے گا۔ اس کے بعد، خلاباز زمین کی کشش ثقل کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لیے ڈاکٹروں کی نگرانی میں تقریباً سات دنوں کے بحالی کے پروگرام سے گزریں گے۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے کہا کہ شکلا نے آئی ایس ایس میں تمام منصوبہ بند سائنسی تجربات کیے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی زیر قیادت مائکرو گریوٹی تجربات خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں ایک اہم چھلانگ کی نمائندگی کرتے ہیں۔
شکلا اور عملے نے اپنے 18 دن کے قیام کے دوران، حیاتیات، مصنوعی ذہانت، میٹریل سائنس اور انسانی صحت کے حوالے سے 60 سے زیادہ جدید سائنسی تجربات مکمل کیے۔
شکلا نے کہا کہ اس مشن کے سائنس سے ساتھ ہی دیگر شعبوں پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا، مشن اس بات کی ایک مثال ہے کہ جب مختلف ممالک انسانیت کے مشترکہ مقاصد کے لیے ہاتھ ملاتے ہیں تو اسے آسانی سے حاصل کرسکتے ہیں۔
بھارت کے ایک اور خلائی مشن کا کامیاب آغاز
انہوں نے مزید کہا ’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں، اگر ہم پختہ عزم کر لیں تو ستارے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔‘‘
اس مشن میں شکلا کے ساتھ ناسا کے سابق خلاء باز کمانڈر پیگی وائٹسن، مشن اسپیشلسٹ پولینڈ کے اسٹاؤسز ازانسکی وائزینوسکی اور ہنگری کے ٹیبور کاپو بھی شامل تھے۔
ادارت: صلاح الدین زین