آپریشن سندور میں شاندار کارکردگی پر 14، 15 ممالک نے براہموس میزائل مانگے، بھارتی وزیردفاع کا دعویٰ

براہموس میزائل لکھنؤ میں تیار کیے جائیں گے، براہموس کے پلانٹ سے یہاں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے؛ راج ناتھ کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 جولائی 2025 17:14

آپریشن سندور میں شاندار کارکردگی پر 14، 15 ممالک نے براہموس میزائل مانگے، ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جولائی 2025ء ) بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن سندور میں شاندار کارکردگی پر 14، 15 ممالک نے براہموس میزائل مانگے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براہموس میزائل لکھنؤ میں تیار کیے جائیں گے، حال ہی میں وزیر دفاع اور وزیر اعلیٰ یوگی ادتیاناتھ نے ریاستی دارالحکومت میں براہموس کی تیاری کے مرکز کا افتتاح کیا کیوں کہ آپریشن سندور میں براہموس میزائل نے شاندار کردار ادا کیا جس کے بعد 14، 15 ممالک نے ان میزائلز کی فراہمی کا مطالبہ کیا، براہموس کے پلانٹ سے یہاں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ براہموس انڈیا اور روس کا باہمی طور پر تیار کیا گیا میزائل ہے، یہ ایک لانگ رینج میزائل ہے جسے آبدوز، جہاز یا بحری جہاز سے بھی چلایا جا سکتا ہے، براہموس کی بھی چار اقسام ہیں جن میں زمین سے زمین پر مار کرنے والا، فضا سے زمین پر، سمندر کی سطح سے زمین پر اور سمندر کی سطح سے نیچے مار کرنے والے میزائل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

براہموس میزائل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے تیز رفتار میزائل ہے اور اپنی تیز رفتار اور زمین سے بہت کم فاصلے پر پرواز کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے میزائل شکن نظام کی جانب سے اس کی نشاندہی کرنا کافی مشکل ہو جاتا ہے، اس لیے یہ میزائل کم وقت میں جوہری یا رواہتی ہتھیار زیادہ فاصلے تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔