Live Updates

عمران خان نے قید میں 700 دن کاٹے، جس انداز میں جیل گزاری وہ قابل تعریف ہے، ناصر حسین شاہ

ان کے طرز زندگی کو دیکھ کر یہی کہا جاتا تھا کہ وہ دو تین مہینے سے زیادہ نہیں گزار پائیں گے؛ صوبائی وزیر سندھ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 جولائی 2025 17:31

عمران خان نے قید میں 700 دن کاٹے، جس انداز میں جیل گزاری وہ قابل تعریف ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جولائی 2025ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے قید میں 700 دن کاٹے، انہوں نے جس انداز میں جیل گزاری وہ قابل تعریف ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج نیوز کے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیل میں 700 دن کاٹے ہیں، ان کے طرز زندگی کو دیکھ کر جس طرح سے کہا جاتا تھا کہ وہ چند روز یا زیادہ سے زیادہ دو تین مہینے سے زائد عرصہ جیل میں نہیں گزار پائیں گے لیکن عمران خان نے جس انداز میں جیل گزاری تو اس لحاظ یہ واقعی ان کی قابل تعریف بات ہے۔

وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی دو تہائی اکثریت ہوگئی تو پہلے شوشہ چھوڑا گیا حکومت کی مدت دس سال کی جا رہی ہے، وہ بات ذہنوں میں نہ بیٹھی تو کہا گیا صدرزرداری کو تبدیل کیا جا رہا ہے، یہ بھی ناممکن ہے، صدر زرداری کہیں نہیں جارہے اگر وہ ایوان صدر چھوڑیں گے تو وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھیں گے اور وزیراعظم پیپلزپارٹی کا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیرتوانائی سندھ نے بتایا کہ ملاقات میں صدر مملکت کو سندھ کے توانائی کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا، صوبے کو درپیش کئی چیلنجز کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اہم قومی توانائی کمپنیوں، بشمول او جی ڈی سی ایل (OGDCL) اور بجلی فراہم کرنے والے دیگر اداروں میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے کے باعث فیصلوں میں صوبے کے مفادات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، کراچی کی بجلی فراہمی کے ذمہ دار ادارے "کے الیکٹرک" میں صوبائی حکومت کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل مثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک خودمختار ریگولیٹری ادارے، سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (SEPRA)، کے قیام سے بھی صدر کو آگاہ کیا، اتھارٹی کے قیام کا مقصد "اپنی بجلی اپنا ٹیرف" کے اصول پر عمل کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہے، سندھ توانائی کا حب ہے اور اس کی ترقی پورے ملک کی ترقی کے مترادف ہے، سندھ کے توانائی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا اور تمام متعلقہ تحفظات کو دور کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات