امریکہ ایران جوہری معاہدے کے حوالے سے خبر گمراہ کن ہے ، روس

ماسکو کا مؤقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ایران کے جوہری معاملے کا حل صرف اور صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے تلاش کیا جانا چاہیے،روسی وزارت خارجہ

پیر 14 جولائی 2025 21:28

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)روسی وزارت خارجہ نے امریکی ویب سائٹ "اکسیس" کی اس رپورٹ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ ایک ایسے جوہری معاہدے پر رضامند ہو جائے جس میں یورینیم کی افزودگی مکمل طور پر بند کر دی جائے۔ روس نے اس خبر کو "سیاسی مقاصد پر مبنی اور گمراہ کن مہم" قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاکہ "یہ واضح نہیں کہ اس قسم کی مہمات کے پیچھے کون ہے، لیکن ’اکسیس‘ کی جانب سے حال ہی میں شائع کردہ رپورٹ بہ عنوان ’پوتن نے ایران پر زور دیا کہ وہ امریکہ سے صفر افزودگی والا معاہدہ کرے‘، درحقیقت ایک سیاسی اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے، جس کا مقصد ایرانی جوہری پروگرام کے گرد کشیدگی کو مزید ہوا دینا ہی"۔

(جاری ہے)

روسی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ماسکو کا مؤقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ایران کے جوہری معاملے کا حل صرف اور صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے تلاش کیا جانا چاہیے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ روس اس مقصد کے لیے تعمیری تعاون فراہم کرنے کو بھی تیار ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی میڈیا پر زور دیا کہ وہ صرف مصدقہ اور سرکاری ذرائع پر انحصار کرے اور افواہوں یا من گھڑت خبروں کو آگے نہ بڑھائے۔

"اکسیس" نے ہفتے کے روز ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ روسی صدر نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی حکام کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ایسا جوہری معاہدہ چاہتے ہیں جس کے تحت ایران یورینیم کی افزودگی نہ کرے۔رپورٹ کے مطابق روسی حکام نے اسرائیلی حکومت کو بھی پوتین کے اس مؤقف سے آگاہ کیا۔ ایک اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار نے کہاکہ "ہم جانتے ہیں کہ یہی بات پوتین نے ایرانیوں کو کہی ہی"۔