زائرین کی سہولت کیلئے پاکستان ایران اور عراق کا مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ

عراق اور ایران جانے والے زائرین ہمارے لیے بہت اہم ہیں، سہ ملکی کانفرنس سے عراق و ایران جانے والے زائرین کو مزید سہولت ملے گی،محسن نقوی پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت کی اور ایران کے حق دفاع کو مکمل طور پر سپورٹ کیا، جنگ کے دوران پاکستانی عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان اور ایران بھائی ہیں اور ہمیشہ بھائی رہیں گے۔ محسن نقوی

پیر 14 جولائی 2025 19:50

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان۔ ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس کا آج انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدام پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں زائرین کی سہولت کیلئے پاکستان۔ ایران اور عراق کا مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر زائرین کے مسائل کے حل کیلئے سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران جانے والے زائرین ہمارے لیے بہت اہم ہیں اور سہ ملکی کانفرنس سے عراق و ایران جانے والے زائرین کو مزید سہولت ملے گی۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے جنگ میں شاندار فتح پر ایران اور ایرانی وزیر داخلہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت کی اور ایران کے حق دفاع کو مکمل طور پر سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستانی عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان اور ایران بھائی ہیں اور ہمیشہ بھائی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور دیگر اعلی حکام نے جنگ میں انتہائی متحرک و مثبت کردار ادا کیا، جو وہ کر سکتے تھے انہوں نے وہ بہترین کردار ایران کے لئے ادا کیا، پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم یہاں موجود ہیں اور یہ اس بات کے گواہ ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اربعین پر لاکھوں زائرین عراق جاتے ہیں، عراقی وزیر داخلہ اور وزارت داخلہ جس طرح لاکھوں زائرین کی دیکھ بھال کرتی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو بہترین طریقے سے ہینڈل کرنے پر عراقی وزارت داخلہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کے حوالے سے عراق و ایران کے وزرائے داخلہ کو پاکستان کی جانب سے ہر ممکن کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یکم جنوری 2026 کے بعد پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے، زائرین گروپ آرگنائزرز کے تحت ہی عراق جاسکیں گے، زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، آرگنائزرز گروپ عراق جانے والے زائرین کی وطن واپسی کے ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف وہی لوگ انفرادی طور پر عراق جاسکیں گے جنہیں سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا، گروپ آرگنائزرز کے سسٹم سے غیر قانونی عراق جانے والوں اور زائد قیام کے رجحان کا خاتمہ ہو گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عراق اور ایران بھی پاکستان کے اس نئے نظام کے ساتھ ہیں، ہم نے مشترکہ اقدامات سے مل کر غیر قانونی طور پر عراق جانے والوں اور وہاں زائد قیام کرنے والوں کو ہر صورت روکنا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے زائرین کی دیکھ بھال پرعراق اور ایران کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں زائرین کا خیال رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے اور دونوں وزرائے داخلہ یہ ذمہ داری خوش اسلوبی سے ادا کر رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای جنگ کے دوران مضبوطی سے کھڑے رہے اور جرات کے ساتھ لیڈ کیا، آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی عوام کو عظیم فتح پر مبارکباد دیتے ہیں۔ ایران کے نائب وزیر داخلہ علی اکبر پور جمشیدیان۔ ایرانی وزیر داخلہ کے سینئر مشیر نادر یار احمدی۔ پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم۔ ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو۔ پاکستانی وزارت داخلہ کے سیکرٹری خرم آغا۔عراق کی وزارت داخلہ کے اعلی حکام کی بھی سہ ملکی کانفرنس میں شرکت کی۔