Live Updates

خیبرپختونخوا میں نئی مون سون بارشوں کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات

پیر 14 جولائی 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) پاکستان محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں ایک اور مون سون بارش کے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے جو 14 جولائی کی شام سے لے کر 17 جولائی 2025 تک متوقع ہے جس میں گرج چمک، آندھی اور بعض مقامات پر انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے۔بارشوں سے پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، دیر، چترال، کوہستان، مانسہرہ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور قبائلی اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں جیسے گلیات، کوہستان اور ملاکنڈ ڈویژن میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پشاور، مردان، کوہاٹ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے، جبکہ دریائے چترال، سوات، پنجکوڑا اور کابل میں بھی دریاو?ں کے بہاؤ میں اضافے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ انسانی جانوں، املاک اور مال مویشیوں کے تحفظ کے لئے پیشگی اقدامات کئے جائیں، نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے اور حساس علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔سیاحوں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات