احسن اقبال کا جناح سٹیڈیم اور ایچ ایٹ پاکستان مونومنٹ پارک کا دورہ،معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ

پیر 14 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پیر کو اسلام آباد میں جناح سٹیڈیم اور ایچ ایٹ پاکستان مونومنٹ پارک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 14 اگست یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں "معرکہ حق" کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر نے جناح سٹیڈیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے شائقین کے لیے نشستوں کی گنجائش، سکیورٹی انتظامات، سہولیات، سٹیڈیم کی موجودہ حالت اور بنیادی ڈھانچے کی خستہ حالی کا بغور مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ جناح سٹیڈیم جیسے قومی وقار کے حامل مقام کی خستہ حالی دیکھ کر دل دکھی ہوا، اگر غیرملکی ٹیمیں یا وفود یہاں آئیں تو وہ کیا تاثر لے کر جائیں گے؟ یہ ہماری اجتماعی غفلت کا نتیجہ ہے کہ ہم نے ایسے اہم اثاثے کو نظرانداز کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیڈیم کی بحالی کے لیے کل ہی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جائے تاکہ اس کی مرمت، تزئین و آرائش اور جدید سہولیات کی فراہمی کو فوری یقینی بنایا جا سکے۔

احسن اقبال نے ایچ ایٹ پاکستان مونومنٹ پارک کے دورے کے دوران بھی یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں مزید بہتری کے لیے تجاویز دیں۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یوم آزادی کی تقریبات قومی اتحاد، فکری یگانگت اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لیے بھرپور انداز میں منائی جائیں گی۔