{الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے مشقیں جاری

ٌسینکڑوں رضاکاروں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی عملی تربیت دے رہے ہیں: اعجاز اللہ خان

پیر 14 جولائی 2025 22:00

ھ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں ٹریننگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ان شہروں میں ٹریننگ کا آغاز ہو چکا ہے جہاں سیلاب کا خطرہ زیادہ پایا جاتا ہے، جبکہ دیگر شہروں میں بھی ٹریننگ کے انعقاد کی منصوبہ بندی جاری ہے۔

یہ تربیتی سلسلہ اگست تک جاری رہے گا۔سینکڑوں رضاکاروں کو سیلاب سے بچاؤ، ریسکیو اور ریلیف کے مراحل کی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔ یہ ٹریننگز چارسدہ، پشاور، نوشہرہ، ڈی جی خان، راجن پور، وزیر آباد، سوات، لوئر دیر، اپر دیر، بونیر، شانگلہ، چترال، باجوڑ، سکھر، کوئٹہ، بلوچستان اور کراچی سمیت اٴْن علاقوں میں ہو رہی ہیں جہاں سیلابی خطرات نمایاں ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان نے بتایا کہ ان ٹریننگز میں الخدمت کی ٹیموں اور رضاکاروں کو سیلاب کی صورت میں کیے جانے والے ریسکیو آپریشنز کی تربیتی مشقیں کروائی جا رہی ہیں۔ ان میں ریسکیو بوٹس کے استعمال، ڈوبتے ہوئے افراد کو بچانے، ابتدائی طبی امداد، تیراکی، پانی کے بہاؤ میں پھنسے افراد کو نکالنے اور انہیں محفوظ مقامات تک منتقل کرنے جیسے اہم مراحل شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الخدمت کی ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف فوری امداد فراہم کرنے میں پیش پیش ہے بلکہ قدرتی آفات سے قبل تیاری، آگاہی اور مقامی سطح پر انسانی وسائل کی تربیت کو بھی ترجیح دیتی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں قیمتی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکی